مکتبہ خدام القرآن
محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ نے 1966 میں ایک اشاعتی ادارہ ” دارالاشاعت الاسلامیہ” قائم کیا۔ چونکہ اس وقت کوئی اجتمائی ہئیت موجود نہ تھی اس لیے یہ ادارہ محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کا ایک ذاتی ادارہ تھا۔ لیکن جب اللہ کے فضل و کرم سے ڈاکٹر صاحبؒ نے مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور کے نام سے ایک اجتماعی ہئیت قائم کردی تو اس کے تحت 1972 میں مکتبہ خدام القرآن لاہور کا قیام بھی عمل میں آیا جس نے دارالاشاعت اسلامیہ کہ جگہ لے لی۔ وقت کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر صاحب کا اشاعتی کام وسیع سے وسیع تر ہوتا چلا گیا۔ مکتبہ نے طباعت و اشاعت کا اعلٰی معیار پیش کرکے ہر حلقہ سے خراجِ تحسین وصول کیا۔ انجمن خدام القرآن کے بانی صدر محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ کی تصانیف و تالیفات کی طویل فہرست ہے، جو کہ مکتبہ خدام القرآن کے تحت شائع ہوتی رہی ہیں۔ اِن کتب کی تعداد 115 کے قریب ہے۔ ان میں سے 21 کتب کا انگریزی میں ترجمہ ہو چکا ہے، جبکہ دو کتب کا فارسی میں اور ایک کتاب کاعربی اور سندھی میں ترجمہ ہو چکا ہے۔ اسی طرح مکتبہ کے تحت ہفت روزہ ندائے خلافت، ماہنامہ میثاق اور سہ ماہی حکمت قرآن بھی باقاعدگی سے شائع ہو رہے ہیں۔ علمی و فکری مضامین کے اعتبار سے یہ تینوں جرائد اپنا اپنا کردار ادا کرہے ہیں۔ اس سلسلۂِ مطبوعات کے علاوہ ڈاکٹر صاحب رحمہ اللہ کا علمی و تحریکی مواد جدید ذرائع ابلاغ ، جیسے سمعی و بصری آلات(آڈیو ، ویڈیو ڈیوایسز) یو ایس بی اور میموری کارڈ کی شکل میں دستیاب ہیں۔ نیز محترم ڈاکٹر محمد رفیع الدین ؒ کی شہرہ آفاق کتب بھی مکتبہ خدام القرآن کے زیر انتظام شائع ہور رہی ہیں۔ یادرہے مکتبہ خدام القرآن ہی وہ واحد غیر تجارتی مستند ادارہ ہے جو محترم ڈاکٹر اسرار احمدؒ، تنظیمِ اسلامی اور بعض دیگر مصنفین کی کتابیں چھاپنے اور فروخت کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔ اس اداراے کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے آن لائن سٹور سے اہل ذوق حضرات کو معیاری کتابیں مناسب قیمت پر گھر بیٹھے بھی فراہم کی جاتی ہیں۔اِن کتب کا مطالعہ کرنے کے لئے انہیں موبائل ایپلیکیشن “Tanzeem Digital Library” ڈاؤن لوڈ کرکے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ اگرچہ اِن مطبوعات کے جملہ حقوق طباعت بعض مصالح کے پیش نظر محفوظ ہیں تاہم اِن مطبوعات کے ساتھ ڈاکٹرصاحب کے قانونی ورثاء کی کسی قسم کی مالی منفعت وابستہ نہیں ہے۔بدقسمتی سے کچھ جعل ساز ناشرین اپنے طور پر مذکورہ کتابوں کا فوٹو کاپی ایڈیشن چھاپ کر سوشل میڈیا کے ذریعے بیچ رہے ہیں۔ ان ناشرین کی چھاپی ہوئی کتابوں کا معیار ، کاغذ کی کوالٹی اور جلد بندی ناقص اور غیر معیاری ہے۔ ایسے جعلی ناشرین دنیا میں بدنامی کا باعث بنتے ہیں اورانجام کار کے لحاظ سے آخرت میں بھی بری کمائی کے حامل ہیں۔ لہذ گزارش ہے کہ ادارہ مکتبہ خدام القرآن کے بارے میں درست معلومات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بہم پہنچائی جائیں تاکہ عام لوگ نقالوں کے شر سے محفوظ رہ سکیں۔